منگلورو 21/ ستمبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تھیمیّا کے مطابق چند دن پہلے موڈبیدری میں واقع نیلّی کارو پرائمری ہیلتھ سینٹر کے حدود میں ہیضے (کالرا) کے ایک معاملے کی تصدیق ہوگئی تھی ۔ مذکورہ مریض فی الحال صحت یاب ہوگیا ہے ۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر تھیمیّا نے کہا کہ اڈپی کے ایک ہوٹل میں کھانا کھانے کے بعد ایک شخص کو ہیضہ ہوا تھا جو علاج کے بعد صحت یاب ہوگیا ہے ۔ ہیضے کی علامات میں مسلسل جلاب/ پیچش اور قئے شامل ہے جس کی وجہ سے انسان کے بدن میں پانی کی کمی ہوتی ہے ۔ ایسی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ۔
فی الحال تشویش میں مبتلا ہونے جیسی کوئی بات نہیں ہے ۔ ہم نے ہوٹل پر نظر رکھی ہے اور تمام پرائمری ہیلتھ سینٹرس کو متعدی امراض کے سلسلے میں چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ہوٹل مالکان ایسو سی ایشن کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے انہیں اپنے گاہکوں کو پینے کے لئے ابلا ہوا گرم پانی فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ ضلع پنچایت سی ای او کی قیادت میں مختلف محکمہ جاتی افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں اونچائی پر بنی ہوئی تمام پانی ٹنکیوں کو ہر مہینے صاف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں کہیں بھی نیفا یا ایم پاکس کا کوئی بھی معاملہ تا حال سامنے نہیں آیا ہے ۔ اس کے باوجود شہر کے نیو منگلورو پورٹ اور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر افریقی ممالک سے آنے والے مریضوں کی طبی جانچ کی جا رہی ہے ۔ ایم پاکس کے لئے کوئی مخصوص علاج نہیں ہے، البتہ مستحکم جسمانی دفاعی نظام (امیونیٹی) اور ماہرانہ طبی نگرانی میں مریض صحت یاب ہو سکتا ہے ۔
اُڈپی سے ملی تفصیلات کے مطابق یہاں کالرا کے معاملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ اب تک 23 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں سے گیارہ مریضوں کو صحت یابی کے بعد ہاسپٹل سے چھٹی دی گئی ہے ۔ جبکہ 12 مریض ابھی زیر علاج ہیں ۔ کاپ میں دو اور کٹپاڈی میں دو مریضوں کے علاوہ باقی متاثرہ افراد سب ملپے بندرگاہ پر کام کرنے والے مہاجر مزدور ہیں ۔